خدا کے بندۂ حامد

از :مفتی اشرف رضا قادری سبطینی


خدا کے بندۂ حامد شہِ حامد رضا تم ہو
نبی کی عظمت و ناموس پر دل سے فدا تم ہو

اٹھایا دین کی خدمت کا پرچم اپنے ہاتھوں میں
معین و خادمِ دینِ محمد مصطفیٰ تم ہو

ہر اک فن میں امامت کا تمہیں درجہ رہا حاصل
معارف کے فلک کا مہر و ماہِ پُر ضیا تم ہو

’’فتاویٰ حامدی‘‘ پڑھ کر یہی محسوس ہوتا ہے
رضا کے علم و حکمت کا مکمل آئینہ تم ہو

سجا ہے ’’حجۃ الاسلام‘‘ کا طغریٰ تمہارے سر
ہمارے راہبر تم ہو، ہمارے رہنما تم ہو

قیادت قوم و ملت کی بصد اخلاص فرمائی
گروہِ اہلِ سنت کے نقیب و پیشوا تم ہو

تمہیں فنِ خطابت میں بھی ملکہ خوب حاصل تھا
خطیبِ اعظمِ ہندوستاں حامد رضا تم

نبی کے عشق نے تم کو حیاتِ جاوداں بخشی
روا ہے گر کہے اشرفؔ ’’بقا بعدِ فنا‘‘ تم ہو

محمد اشرفؔ رضا قادری
مدیر اعلی سہ ماہی امین شریعت

Menu