بہارِ باغِ ایماں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

از: حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ


بہارِ باغِ ایماں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں
چراغِ بزمِ عرفاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

نمایاں آپ کی ہر ادا سے شانِ فاروقی
خدا کی تیغِ برّاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

اَشِدَّآءُ عَلَی الْکُفَّار کے مصداق اعلیٰ ہیں
مذلِّ کفر و طغیاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

رسول اللہ ﷺ نے فاروق کو اللہ سے مانگا
عطاءِ رب سبحان حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

چنا اس پاک نے دیں کیلئے اس پاک ستھرے کو
حبیبِ دینِ واراں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

حبیبِ حق ہیں طیّب ان کے ساتھی بھی طاہر ہیں
چنیدہ بہرِ پاکاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

نہ کیوں وہ ذات چمکے جس نے دین پاک چمکایا
جہاں کے مہرِ تاباں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

عمر عامر ہیں دین کے حق تعالیٰ ان کا ناصر ہے
دل مومن کے تاباں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

رہے گا نام انکا تا ابد کونین میں روشن
سپہرِ دین پہ رخشاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

عمر کافی نبی کو حَسْبُکَ اللہ سے یہ ثابت ہے
ہے شاہد جن پہ قرآں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

وہ عالم دبدبہ کا کانپتے ہیں قیصر و کسریٰ
ہے جن سے دین کی شاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

خزانے روم و فارس کے لٹاتے ہیں مدینہ میں
فیوضِ حق کے باراں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

مگر اس حال میں دھو دھو کر اک کرتا پہنتے ہیں
ہے نازاں جن پہ تقویٰ حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

مسلماں رات بھر سو ئیں عمرِ فاروق پہرا دیں
رعایا کے نگہبان حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

پکارا ساریہ کو اک مہینہ کی مسافت سے
جسے ہر جا ہو یکساں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

ہیں داماد علی و نازنین حضرت زُھرہ
ہے سالکؔ جن پہ نازاں حضرتِ فاروقِ اعظم ہیں

مشمولہ :دیوانِ سالک

Menu