خلق پہ لطفِ خدا حضرتِ عثمان ہیں
از:حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی
خلق پہ لطفِ خدا حضرتِ عثمان ہیں
جملہ مرض کی دَوا درد کے درمان ہیں
دستِ شہِ دوسرا جو کہ یَدُ ا للّٰہ تھا
ہاتھ بنا آپ کا آپ وہ ذِی شان ہیں
نورِ دِل و عین ہیں صاحبِ نورَین ہیں
سب کے دل کے چین ہیں مومنوں کی جان ہیں
گلشنِ دِین کی بہار مومنوں کے تاجدار
عزتِ ہر ذِی وَقار زینتِ ایمان ہیں
آپ ممدوحِ جہاں خلقِ خدا مَدح خواں
کیا ہے اَگر بدگماں چند بے ایمان ہیں
حق نے وہ رتبہ دیا تم غنی ہم سب گدا
کیا کہوں میں تم ہو کیا عقل ودل حیران ہیں
جو ہیں اِمامِ اَنام جس کے ہیں ہم سب غلام
مرجعِ ہر خاص و عام حضرتِ عثمان ہیں
بابِ سخا کھل گیا دیکھا جو یہ ماجرا
غازیانِ مصطفیٰ بے سروسامان ہیں
تم غنی سالکؔ گدا اِک نظر بہرِ خدا
آپ جہاں کے لیے رحمتِ رحمٰن ہیں