ولادت شریف:

آپ کی ولادت باسعادت شہر بریلی میں ماہ ربیع الاول ۱۲۹۲ھ (۱۸۷۵ئ) میں ہوئی۔

( تذکرہ علماء اہلسنّت / ص: ۸۱، و فقیہہ اسلام/ ص: ۲۳۷، و فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظرمیں/ ص: ۸۲)

اسم مبارک وخطاب:

عقیقہ میں آپ کا نام حسب دستور خاندانی محمد رکھا گیا۔ جن کے اعداد ۹۲ ہیں۔ اور یہی نام آپ کا تاریخی ہوگیا۔ اور عرفی نام حامد رضا اور خطاب آپ کا حجۃ الاسلام ہے۔

( تذکرہ علماء اہلسنّت / ص: ۸۱، و فقیہہ اسلام/ ص: ۲۳۷، و فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظرمیں/ ص: ۸۲)

تعلیم و تربیت:

آپ کی تعلیم و تربیت آغوش والد ماجد امام اہلسنت شاہ احمد رضا فاضل بریلوی-میں ہوئی۔ والد ماجد آپ سے بڑی محبت فرماتے تھے اور ارشاد فرماتے کہ :’’حامد منی وانا امنی حامد ‘‘جملہ علوم و فنون آپ نے اپنے والد ماجد سے پڑھے۔ یہاں تک کہ حدیث، تفسیر، فقہ و کتب معقول و منقول کو پڑھ کر صرف ۱۹؍ سال کی عمر شریف میں فارغ التحصیل ہوگئے۔

( فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظر میں/ ص: ۵۳)

بیعت و خلافت:

آپ مرید و خلیفہ حضرت شاہ ابو الحسین احمد نوری مارہروی علیہ الرحمہ کے تھے اور والد ماجد اعلیٰ حضرت شاہ احمد رضاعلیہ الرحمہ سے بھی آپ کو خلافت و اجازت حاصل تھی۔ 

(تذکرہ علمائے اہلسنّت /ص: ۸۱)

فضائل:

رئیس العلماء، تاج الاتقیاء، آفتاب شریعت و طریقت، شیخ المحدثین، راس المفسرین، مفکر اسلام، عالم علوم اسلام حضرت علامہ الشاہ حجۃ الاسلام مولانا الحاج قاری محمد حامد رضا خاں – آپ سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کے چالیسویں امام و شیخ طریقت ہیں۔ آپ خلف اکبر امام اہلسنت شیخ الاسلام و المسلمین الشاہ احمد رضا خاں -کے ہیں۔ آپ اپنے والد ماجد کی تمام خوبیوں کے جامع تھے آپ کی شخصیت و حقانیت اسلام کی منہ بولتی تصویر تھی۔ بیشتر غیر مسلم آپ کے چہرئہ انور کو دیکر حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔ حسن ظاہری کا یہ عالم تھا کہ ایک نظر میں دیکھنے والا پکار اٹھتا تھا کہ : ’’ھذا حجۃ الاسلام‘‘ (یہ اسلام کی دلیل ہیں) اور حرمین طیبین کی حاضری پر حضرت شیخ سید حسین دباغ اور سید مالکی ترکی علیہ الرحمہ نے آپ کی قابلیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ:

’’ہم نے ہند وستان کے اطراف و اکناف میں حجۃ الاسلام(رضی اللہ عنہ) جیسا فصیح و بلیغ نہیں دیکھا‘‘۔

آپ کمالات باطنی کے جامع تھے۔ اپنے عہد کے لاثانی اور بے نظیر مدرس تھے، حدیث و تفسیر کا درس خاص طور پر مشہور تھا۔ اور عربی ادب میں منفرد حیثیت کے مالک تھے۔ شعر و ادب کا بہت نازک اور پاکیزہ ذوق رکھتے تھے۔ آپ نے مسلک اہلِ سنت و سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کی بے مثال خدمت انجام دی۔ اور ساری عمر مسلمانانِ عالم اسلام کی فلاح و ترقی میں کوشاں رہے۔

عادات کریمہ:

آپ اپنے اسلاف و آبا و اجداد کے مکمل نمونہ تھے۔ اخلاق و عادات کے جامع تھے۔ آپ جب بات کرتے تو تبسم فرماتے ہوئے، لہجہ انتہائی محبت آمیز ہوتا۔ بزرگوں کا احترام، چھوٹوں پر شفقت کا برتاؤ آپ کس شرست کے نمایاں جوہر تھے۔ ہمیشہ نظریں نیچی رکھتے۔ درود شریف کا اکثر ورد فرماتے یہی وجہ ہے کہ اکثر آپ کو نیند کے عالم میں بھی درود شریف پڑھتے دیکھا گیا۔ آپ کی طبیعت انتہائی نفاست پسند تھی چنانچہ آپ کا لباس آپ کی نفاست کا بہترین نمونہ ہوتا تھا۔ انگریز اور اس کی معاشرت کے آپ اپنے والد ماجد کی طرح شدید مخالف رہے۔ اور اس میں نمایاں کام انجام دیئے۔

علمی و تبلیغی کارنامے:

حضور حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ ایک بلند پایہ خطیب، مایہ ناز ادیب اور یگانۂ روزگار عالم و فاضل تھے۔ دین متین کی خدمت و تبلیغ، ناموس مصطفیٰ کی حفاظت، قوم کی فلاح و بہبود ان کی زندگی کے اصل مقاصد تھے اور یہی سچ ہے کہ وہ غلبۂ اسلام کی خاطر زندہ رہے اور سفر آخرت فرمایا تو پرچم اسلام بلند کر کے اس دنیا سے سرخرو و کامران ہوکر گئے۔ اس صدی کے مجدد ان کے والد محترم سیدنا اعلیٰ حضرتr نے خود ان کی علمی و دینی خدمت کو سراہا ہے اور ان پر ناز کیا ہے۔ مسلکِ اہل سنت و جماعت کی ترویج و اشاعت کی خاطر آپ نے برصغیر کے مختلف شہروں اور قصبوں کے دورے فرمائے ہیں، گستاخانِ رسول وہابیہ سے مناظرے کئے ہیں۔ سیاست دانوں کے دام فریب سے مسلمانوں کو نکالا ہے۔ شد ھی تحریک کی پسپائی کیلئے جی توڑ کر کوشش کی ہے اور ہر جہت سے باطل اور باطل پرستوں کا رد اور انسداد کیا ہے۔

سیاسی بصیرت اور حمایتِ حق:

حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ سیاست دانوں کی چالوں کو خوب سمجھتے تھے اور اپنے زمانے کے حال سے پوری طرح باخبر رہ کر مسلمانوں کو سیاست و ریاست کے چنگل سے بچانے کی ہر ممکن جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ اس آندھی میں اڑنے والے مسلم علماء قائدین اور دانش وروں سے افہام و تفہیم اور حق نہ قبول کرنے پر ان سے ہر طرح کی نبرد آزمائی کیلئے بھی تیار تھے۔

مولانا عبدالباری صاحب فرنگی محلیr پر ان کی کچھ سیاسی حرکات اور تحریرات کی بناء پر سیدنا اعلیٰ حضرت rنے پر فتویٰ صادر فرمایا۔ مولانا عبدالباری صاحبr نے نجدیوں کے ذریعہ حرمین شریفین کے قبہ جات گرانے اور بے حرمتی کرنے کے سلسلہ میں لکھنؤ میں ایک کانفرنس بلائی تھی۔ حضرت حجۃ الاسلام r ’’جماعتِ رضائے مصطفیٰ‘‘ کی طرف سے چند مشہور علماء کے ہمراہ لکھنؤ تشریف لے گئے۔ وہاں مولانا عبدالباری اور ان کے متعلقین و مریدین نے زبردست استقبال کیا اور جب مولانا عبدالباری علیہ الرحمہ نے حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ سے مصافحہ کرنا چاہا تو آپ نے ہاتھ کھینچ لیا اور فرمایا کہ جب تک میرے والد گرامی کا فتویٰ ہے اور جب تک آپ توبہ نہیں کر لیں گے میں آپ سے نہیں مل سکتا۔
حضرت مولانا عبدالباری فرنگی محلی r کا لقب’’ صورت الایمان‘‘ تھا۔ انہوں نے حق کو حق سمجھ کر کھلے دل سے توبہ کر لی اور یہ فرمایا:

’’ لاج رہے یا نہ رہے، میں اللہ تعالیٰ کے خوف سے توبہ کر رہا ہوں، مجھ کو اسی کے دربار میں جانا ہے۔ مولوی احمد رضا خاں(r) نے جو کچھ لکھا ہے، صحیح لکھا ہے‘‘۔

اسلامی قانون کی حمایت میں جرح اور بےباکی:

لکھنؤ ہی میں مسلمانوں کے نکاح و طلاق کے معاملے میں قانون بنائے جانے پر ایک کانفرنس کے موقع پر حضر ت حجۃ الاسلام، صدرالافاضل،اور مولانا تقدس علی خانs بریلی شریف سے شرکت کیلئے گئے تھے۔ اس کانفرنس میں شیعہ اور ندوی مولویوں کے علاوہ شاہ سلیمان چیف جسٹس ہائی کورٹ اور حضرت مولانا عبدالباری فرنگی محلی r کے دامادو بھتیجے عبدالولی بھی تھے۔ حجۃ الاسلام نے جرح میں سب کو اکھاڑ دیا۔ اور فیصلہ انہی کے حق میں ہوا۔ حمایتِ اسلام اور شریعت مصطفیٰ و ناموس رسالت کے معاملے میں حجۃ الاسلامr نے ہمیشہ حق گوئی سے کام لیا اور کسی بھی مصلحت کو پھٹکنے نہ دیا۔

زبان و ادب پر مہارت:

حجۃ الاسلام  رضی اللہ عنہ کی زبان دانی اور ان کی فصاعت و بلاغت نثر نگاری و شاعری خصوصاً عربی زبان و ادب پر عبور اور مہارت کی تعریف علمائے عرب نے بھی کی ہے۔ حجۃ الاسلام  رضی اللہ عنہ کے دوسرے حج و زیارت (۱۳۴۲ھ) کے موقع پر عرب کے معروف عربی داں حضرت شیخ سیّد دباغ اور سیّد مالکی ترکیt نے آپ کی عربی دانی اور قابلیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس طرح اعتراف کیا ہے:

’’ہم نے ہندوستان کے اکناف و اطراف میں حجۃ الاسلام (r)جیسا فصیح و بلیغ دوسرا نہیں دیکھاجسے عربی زبان میں اتنا عبور حاصل ہو‘‘۔

حضور اعلیٰ حضرت ہی کی حیات میں حضرت مولانا ضیاء الدین پیلی بھیتی r نے ایک بار اپنے ایک رسالے پر جسے انہوں نے علم غیب کے مسئلہ پر لکھا تھا۔ حجۃ الاسلام سے تقریظ لکھنے کی فرمائش کی۔ حضرت نے قلم برداشتہ ان کے سامنے عربی زبان میں ایک فصیح تقریظ تحریر فرما دی۔

اعلیٰ حضرت rکی عربی زبان کی کتب’’ الدولت المکیہ‘‘ اور’’ کفل الفقیہ الفاہم ‘‘کی طباعت کے وقت اعلیٰ حضرت کے حکم پر اسی وقت عربی زبان میں تمہیدات تحریر کر دیں۔ جنہیں دیکھ کر اعلیٰ حضرتr بہت خوش ہوئے،خوب سراہا اور دعائیں دیں۔

آپ کی عربی دانی کا ایک اہم واقعہ:

حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ کو ایک بار دارالعلوم معینیہ، اجمیر شریف میں طلباء کا امتحان لینے اور دارالعلوم کے معائنہ کے لئے دعوت دی گئی۔ طلباء کے امتحان وغیرہ سے فارغ ہوکر جب آپ چلنے لگے تو مولانا معین الدین صاحب اجمیری علیہ الرحمہ نے دارالعلوم کے معائنے کے سلسلے میں کچھ لکھنے کی فرمائش کی۔ آپ نے فرمایا کہ فقیر تین زبانیں جانتا ہے۔ عربی، فارسی اور اردو! آپ جس زبان میں کہیں لکھ دوں۔ مولانا معین الدین صاحب rاس وقت تک اعلیٰ حضرت یا حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ سے اتنے متاثر نہ تھے جتنا ہونا چاہئے تھا انہوں نے کہہ دیا: عربی میں تحریر کر دیجئے۔

حضور حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ نے قلم برداشتہ کئی صفحہ کا نہایت ہی فصیح و بلیغ عربی میں معائنہ تحریر فرمادیا۔حجۃ الاسلامr کے اس قلم برداشتہ لکھنے پر مولانا معین الدین صاحبr موصوف حیرت زدہ بھی ہورہے تھے اور سوچ بھی رہے تھے کہ جانے کیا لکھ رہے ہیں کیوں کہ ان کو اپنی عربی دانی پر بڑا ناز تھا۔

جب معائنہ لکھ کر حجۃ الاسلامr چلے آئے تو بعد میں اس کے ترجمہ کیلئے مولانا مرحوم بیٹھے تو انہیں حجۃ الاسلام کی عربی سمجھنے میں بڑی ہی دقت پیش آئی بمشکل تمام لغت دیکھ دیکھ کر ترجمہ کیا۔ وہ بھی پورا پورا ترجمہ نہیں کر سکے اور بعض الفاظ انہیں لغت میں نہ ملے بعد میں انہیں عرب علماء کی زبان اور ان کی کتب سے حاصل ہوئے۔ تب جاکر انہیں ان الفاظ اور محاوروں کا علم ہوا۔

حج و زیارت:

آپ زیارت حرمین شریفین سے بھی مشرف ہوئے چنانچہ ۱۳۲۳ھ / ۱۹۰۵ء میں اپنے والد مکرم، امام اہل سنت اعلیٰ حضرت عظیم البرکت – کے ہمراہ حج کو تشریف لے گئے۔ یہ حج آپ کا علمی و تحقیقی میدان میں عظیم حج تھا۔ اور جو کار نمایاں آپ نے اس حج میں ادا فرمایا وہ’’ الدولۃ المکیۃ‘‘ کی ترتیب ہے۔ جسے فاضل بریلوی -نے صرف آٹھ گھنٹے کی قلیل مدت میں قلم برداشتہ لکھا، مذکورہ کتاب کے اجزاء حضور حجۃ الاسلامrکو دیتے جاتے،آپ ان کو صاف کرتے جاتے تھے۔ پھر اس کا ترجمہ بھی آپ ہی نے کیا۔ یہ ترجمہ بہت ہی اہم ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ زیارتِ سرکار مدینہgکا اشتیاق کس درجہ آپ کو تھا، اس کا صحیح اندازہ آپ کے مندرجہ ذیل شعر سے ہوتا ہے۔

اسی تمنا میں دم پڑا ہے یہی سہارا ہے زندگی کا
بلا لو مجھ کو مدینہ سرور، نہیں تو جینا حرام ہوگا

اور دوسرا حج آپ نے ۱۳۳۴ھ میں ادا فرمایا۔

 پاکستان آمد:

قیام پاکستان سے پہلے آپ ۱۹۲۵ء میں ’’انجمن حزب الاحناف‘‘ کے سالانہ جلسہ میں شرکت کی غرض سے لاہور تشریف لے گئے۔ چنانچہ اسی دوران سرگروہ دیابنہ کو مناظرہ کا چیلنج دیا گیا اور مناظرہ کی غرض سے آپ کے ساتھ اکابر علمائے اہلسنّت تشریف لے گئے لیکن عین وقت پر فریق مخالف نے عذر لنگ پیش کر کے جلسہ گاہ میں آنے سے انکار کر دیا۔ جیسا کہ جناب سیّد ایوب علی صاحبr اپنی ایک منقبت میں اسی مناظرہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

ہندوستان میں دھوم ہے کس بات کی، معلوم ہے؟

لاہور میں دولہا بنا حامد رضا ، حامد رضا

سمجھتے تھے کیا اور کیا ہوا ، ارمان دل میں رہ گیا

تیرے ہی سر سہرا رہا حامد رضا ، حامد رضا

ایوبؔ قصہ مختصر ، آیا نہ کوئی وقت پر

تیرے مقابل منچلا حامد رضا ، حامد رضا

اسی مناظرہ کے موقع پر حضرت حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کی ملاقات ڈاکٹر اقبال سے بھی ہوئی اور ڈاکٹر اقبال کو جب حجۃ الاسلام نے دیوبندی مولویوں کی گستاخانہ عبارتیں سنائیں تو وہ سن کر حیرت زدہ رہ گئے اور بے ساختہ بولے کہ:

’’مولانا یہ ایسی گستاخانہ عبارات ہیں کہ ان لوگوں پر آسمان کیوں نہیں ٹوٹ پڑا، ان پر تو آسمان ٹوٹ پڑ جانا چاہئے‘‘۔( دعوتِ فکر /ص: ۳۵)

اس جلسہ سے سب سے بڑا فائدہ جو دنیائے سنّیت کو ہوا وہ حضرت محدث اعظم پاکستان علامہ مولانا سردار احمد صاحب-جیسی بزرگ ترین ہستی کا حصول ہے۔ واقعات اس طرح منقول ہیں کہ حصرت حجۃ الاسلامr انجمن حزب الاحناف کے جلسہ میں لاہور تشریف لے گئے۔ وہاں چند روز آپ کا قیام رہا جلسہ گاہ میں دوسرے لوگوں کی طرح مولانا سردار احمد صاحب علیہ الرحمہ بھی آئے! اور حضرت حجۃ الاسلام r کی زیارت سے مشرف ہوئے۔ (مولانا سردار صاحب rاس وقت انگریزی تعلیم حاصل کر رہے تھے) حضرت کی زیارت نے آپ کے قلب پر جو اثرات چھوڑے انہیں آپ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔ اس روز سے برابر حضرت کی قیام گاہ پر پہنچتے رہے۔ دوسرے لوگ آتے اور اپنی اپنی حاجتیں بیان کرتے لیکن مولانا سردار احمد صاحب r از اوَل تا آخر خاموش موّدب بیٹھے رہتے اور جب حضرت کے آرام کا وقت ہوتا تو لوگوں کے ساتھ اٹھ کر چلے جاتے اسی طرح کئی دن گزر گئے اور حضرت کی وطن واپسی میں ایک یا دو دن باقی رہ گئے۔ چنانچہ ایک روز خود حضور حجۃ الاسلام – نے آپ سے دریافت کیا کہ:’’ صاحبزادے ! کیا وجہ ہے کہ آپ روز آتے ہیں لیکن خاموش بیٹھ کر کر چلے جاتے ہیں؟‘‘ دریافت حال پر مولانا موصوف نے علم دین حاصل کرنے کی غرض سے آپ کے ہمراہ چلنے کا ارادہ ظاہر فرمایا۔ حضرت نے بخوشی منظور فرما لیا۔ اور اپنے ساتھ بریلی شریف لائے۔ چنانچہ حضرت کی باکرامت صحبت سے اپنے وقت کے عظیم محدث اور کامیاب مدرس ہوئے اور تقسیمِ پاکستان کے بعد لاہور میں سنی مسلمانوں کی قیادت آپ کے حصّے میں آئی۔(ماہنامہ اعلیٰ حضرت/ جون ۱۹۶۳ء /ص: ۱۷،۱۸)ۙۙؒ

ملی خدمات:

آپ نے برصغیر کے مسلمانوں کے معاشرتی ناگفتہ بہ حالت کو بہتر بنانے کیلئے ۱۹۲۵ء میں ’’آل انڈیا سنی کانفرنس‘‘ منعقدہ مراد آباد میں چند تجاویز کا ذکر اپنے خطبہ صدار ت میں کیا ہے مگر غور سے دیکھا جائے تو یہ ایک دستور العمل ہے کہ اگر اسی کے مطابق کام ہوا ہوتا تو آج مسلمانوں کی حالت کچھ اور ہی ہوتی اور معاشی، تعلیمی ،تجارتی ،ہر دینی و دنیاوی امور میں مسلمان کسی بھی قوم سے پیچھے نہ ہوتا۔ اسی خطبۂ صدارت میں ملازمت کی حوصلہ شکنی کر کے صنعت اور تعلیم و تجارت پر زور دیا ہے، ملازمت کا حال یوں بیان فرماتے ہیں:

’’ہمارا ذریعہ معاش صرف نوکری اور غلامی ہے اور اس کی بھی یہ حالت ہے کہ ہندو نواب مسلمان کو ملازم رکھنے سے پرہیز کرتے ہیں۔ رہیں گورنمنٹی ملازمتیں ان کا حصول طول امل ہے۔ اگر رات دن کی تگ و دو اور ان تھک کوششوں سے کوئی معقول سفارش پہنچی تو کہیں امیدواروں میں نام درج ہونے کی نوبت آتی ہے برسوں بعد جگہ ملنے کی امید پر روزانہ خدمت مفت انجام دیا کرو اگر بہت بلند ہّمت ہوئے اور قرض پر بسر اوقات کر کے برسوں کے بعد کوئی ملازمت حاصل بھی کی تو اس وقت تک قرض کا اتنا انبار ہوجاتا ہے جس کو ملازمت کی آمدنی سے ادا نہیں کر سکتے۔ پھر ہندوؤں کی اکثریت کی باعث آنکھوں میں کھٹکتے رہتے ہیں…ہمیں یہ نہ سمجھنا چاہئے کہ ہماری روزی نوکری میں منحصر ہے ہمیں حرفے اور پیشے سیکھنا چاہئیں… اب اس کی تمام قابلیتیں ہیچ ہیں، سندیں بیکار ہیں، زندگی وبال ہے، اولاد کی تربیت اس ناداری میں کیونکر ہوسکے۔ خود تباہ، نسل برباد، لیکن پیشہ ور ہوتا، ہاتھ میں کوئی ہنر رکھتا تو اس طرح محتاج نہ ہوجاتا، نوکری گئی بلا سے اس کا ذریعہ معاش اس کے ساتھ ہوتا۔ ہمیں نوکری کا خیال ہی چھوڑ دینا چاہئے۔ نوکری کسی قوم کو معراج ترقی تک نہیں پہنچا سکتی… دست کاری اور پیشے و ہنر سے تعلق پیدا کرنا چاہئے‘‘۔( خطبۂ حجۃ الاسلام/ص: ۵۱،۵۲)

شدھی تحریک:

آپ نے مسلمانوں کی حفاظت و تبلیغ کی وہ خدمت انجام دی ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہندوستان میں شدھی تحریک نے بڑا فتنہ برپا کیا تھا اور مسلمان کو اس کے مذہب سے پھیرنے کی بڑی بڑی اسکیمیں بنائی تھیں جس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آپ ارشاد فرماتے ہیں:

’’اب تک و شدھی کی کوششیں راجپوتانہ ہی میں تھیں لیکن اب انہوں نے میدانِ عمل وسیع کر دیا ہے اور تمام ہندوستان میں جہاں موقع ملتا ہے ہاتھ مارتے ہیں۔ قومیں کی قومیں ان کی دستبرد سے تباہ ہورہی ہیں۔ مسلمانوں کی مذہبی انجمنیں ہرجگہ نہیں ہیں جو ہیں ان میں رابطہ نہیں۔ جس سرزمین کو خالی دیکھا،وہاں آریہ دوڑ پڑے۔ جب تک علمائے اسلام کو کسی حصۂ ملک سے بلاتے جب تک کتنے غریب شکار ہوچکتے ہیں۔ راجپوتانہ میں ہمیں تجربہ ہوچکا ہے کہ آریوں کے زر، زور، طمع اور دباؤ وغیرہ کی تمام قوتیں اسلامی فضلا کی دعوتِ حق کے مقابل بیکار ہوجاتی ہیں…جاہل ناداروں کے سامنے ہزار رہا روپیہ پیش کیا جاتا تھا۔اور انہیں مرتد ہوجانے پر بہت ولولہ انگیز مژدے سنائے جاتے تھے…وہاں ہمارے پاس اسلامی زہد و بزرگوں کے ذکرکے سوا کوئی نسخہ نہ تھا جو ایسے مریض پر کارگر ہوتا ہے مگر یہ نسخہ ایسا بے خطا اثر کرتا تھا کہ دیہاتی نوجوان اپنی سرمستی سے ہوش میں آکر دل لبھانے والی صورت اور مال و منال کے لالچ دونوں کو نفرت کے ساتھ ٹھوکر مار کر اطاعتِ الہٰی کے لئے کمربستہ ہوجاتا تھا۔(خطبۂ حجۃ الاسلام/ص :۱۴ ، ۱۵)

دوسرے فریقوں کے ساتھ اتحاد کی مضرت اور اس کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:
’’ہمارے سنی حضرات کے دل میں جب کبھی اتفاق کی امنگیں پیدا ہوئیں تو انہیں اپنوں سے پہلے مخالف یاد آئے، جو رات دن اسلامی کی بیخ کنی کیلئے بے چین ہیں اور سنیوں کی جماعت پر طرح طرح کے حملے کر کے اپنی تعداد بڑھانے کیلئے مضطر اور مجبور ہیں۔ ہمارے برادران کی اس روش نے اتحاد و اتفاق کی تحریک کو کبھی کامیاب نہ ہونے دیا۔ کیونکہ اگر وہ فرقے اپنے دلوں میں اتنی گنجائش رکھتے کہ سنیوں سے مل کر رہ سکیں تو علیحدہ ڈیڑھ اینٹ کی مسجد تعمیر کر کے نیا فرقہ ہی کیوں بناتے اور مسلمانوں کے مخالف ایک جماعت کیوں بناتے وہ حقیقتاً مل ہی نہیں سکتے اور صورۃً مل بھی جائیں تو ملنا کسی مطلب سے ہوتا ہے جس کے حصول کیلئے ہر دم تیش زنی جاری رہتی ہے اور اس کا انجام جدال و فساد ہی نکلتا ہے یہ تو تازہ تجربہ ہے کہ خلافت کمیٹی کے ساتھ ایک جماعت جمعیۃ العلماء کے نام سے شامل ہوئی جس میں تقریباً سب کے سب یا… زیادہ وہابی اور غیرمقلد ہیں، نادر ہی کوئی دوسرا شخص ہو تو ہو۔ اس جماعت نے خلافت کی تائید کو تو عنوان بنایا ، عوام کے سامنے نمائش کیلئے تو یہ مقصد پیش کیا مگر کام اہل سنت کے رد، اور ان کی بیخ کنی کا انجام دیا۔ اپنے مذہب کی ترویج اسی پردہ میں خوب کی۔ میرے پاس جناب مولوی احمد مختار صاحب(r) صدر جمعیۃ العلماء صوبہ بمبئی کا ایک خط آیا ہے جو انہوں نے مدارس کا دورہ کرتے ہوئے تحریر فرمایا ہے اس میں لکھتے ہیں کہ وہابی اس صوبہ میں اس قومی روپیہ سے جو ترکوں کے دردناک حالات بیان کر کے وصول کیا گیا تھا۔ اب تک دو لاکھ ’’تقویۃ الایمان‘‘ چھپا کر مفت تقسیم کر چکے ہیں۔ اب بتائیے کہ ان جماعتوں کا ملانا ’’زردا دن دردِ سرخریدن‘‘ ہوا یا نہیں۔ اپنے ہی روپے سے اپنے ہی مذہب کا نقصان ہوا‘‘۔

(خطبۂ حجۃ الاسلام/ص :۳۱،۳۲)

ذوق شاعری:

آپ عربی، فارسی، اردو نظم و نثر میں منفرد اسلوب بیان رکھتے تھے۔ حمد و نعت و دیگر اصنافِ شاعری کے بیشتر اشعار آپ کے دیوان میں محفوظ ہیں۔ ذیل میں چند کلام پیش کیئے جاتے ہیں جس سے آپ کا ادبی ذوق و قابلیت و عشق رسول ﷺکا بخوبی اندازہ ہوسکتا ہے۔

دل میرا گدگداتی رہی آرزو
آنکھ پھر پھر کے کرتی رہی جستجو
عرش تا فرش ڈھونڈ آیا میں تجھ کو تو
نکلا اَقْرَبْ زِحَبْلِ وَ رِیْدِ گَلُو
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ

میں نے مانا کہ حامد گنہگار ہے
معصیت کیش ہے اور خطا کار ہے
میرے مولیٰ مگر تو ، تو غَفَّارہے
کہتی رحمت ہے مجرم سے لَا تَقْنَطُوْا
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
…………  …………
گناہگاروں کا روزِ محشر شفیع خیر الانام ہوگا
دلہن شفاعت بنے گی، دولہا نبی علیہ السلام ہوگا

کبھی تو چمکے گا نجم قسمت، ہلال ماہ تمام ہوگا
کبھی تو ذرے پہ مہر ہوگی ، وہ مہر ادھر خوش خرام ہوگا

پڑا ہوں میں ان کی رہ گزر میں پڑے ہی رہنے سے کام ہوگا
دل و جگر فرش رہ بنیں گے یہ دیدہ مشق خرام ہوگا

وہی ہے شافع ، وہی ہے مشفع، اسی شفاعت سے کام ہوگا
ہماری بگڑی بنے گی اس دن ، وہی مدارالمھام ہوگا

انہیں کا منہ سب تکیں گے اس دن جو وہ کریں گے وہ کام
دہائی سب ان کی دیتے ہوں گے انہیں کا ہر لب پہ نام ہوگا

اَنَا لَہَا کہہ کے عاصیوں کو وہ لیں گے آغوشِ مرحمت میں
عزیز اکلوتا جیسے ماں کو انہیں ہر ایک یوں غلام ہوگا

ادھر وہ گرتوں کو تھام لیں گے ادھر پیاسوں کو جام دینگے
صراط و میزان و حوضِ کوثر یہیں وہ عالی مقام ہوگا

کہیں وہ جلتے بجھاتے ہوں گے کہیں وہ روتے ہنساتے ہوں گے
وہ پائے نازک پہ دوڑنا اور بعید ہر ایک مقام ہوگا

ہوئی جو مجرم کو باریابی تو خوفِ عصیاں سے دھج یہ ہوگی
خمیدہ سر ، آبدیدہ آنکھیں ، لرزتا ہندی غلام ہوگا

حضورِ مرشد کھڑا رہوں گا کھڑے ہی رہنے سے کام ہوگا
نگاہ لطف و کرم اٹھے گی تو جھک کے میرا سلام ہوگا

خدا کی مرضی ہے ان کی مرضی ، ہے ان کی مرضی خدا کی مرضی
انہیں کی مرضی پہ ہورہا ہے ، انہیں کی مرضی پہ کام ہوگا

جدھر خدا ہے ادھر نبی ہے ، جدھر نبی ہے ادھر خدا ہے
خدائی بھر سب ادھر پھرے گی ، جدھر وہ عالی مقام ہوگا

اسی تمنا میں دم پڑا ہے ، یہی سہارا ہے زندگی کا
بلالو مجھ کو مدینے سرور ، نہیں تو جینا حرام ہوگا

حضورِ روضہ ہوا جو حاضر ، تو اپنی سج دھج یہ ہوگی حامدؔ
خمیدہ سر ، آنکھ بند ، لب پر میرے درود و سلام ہوگا
…………  ……………………  …………

تصنیفی و علمی کارنامے:

حضرت حجۃ الاسلام-صاحبِ تصنیف بزرگ تھے۔ آپ کی علمی جلالت کا صحیح پتہ اور علم تو آپ کی تصانیف سے زیادہ ممکن ہے۔ ذیل میں آپ کی قلمی یادگار کی نشاندہی کی جاتی ہے قارئین اصل کتب کی طرف مراجعت کریں۔

۱۔الصارم الربانی علیٰ اسراف القادیانی

۲۔ ترجمہ الدولۃ المکیہ بالمادۃ الغیبہ

۳۔ ترجمہ حسام الحرمین علی منحر الفکر و المبین

۴۔ حاشیہ ملا جلال

۵۔ مقدمہ الاجازات المتینہ

۶۔ نعتیہ دیوان

۷۔ مجموعہ فتاویٰ

مریدین خلفائے کرام تلامذہ:

حجۃ الاسلامr کے مریدین کی تعداد یوں تو لاکھوں میں تھی۔ لیکن اب بھی ہزاروں کی تعداد میں ان کے مریدین موجود ہیں چتوڑگڑھ، جے پور، اودے پور، جودھپور، سلطان پور، بریلی و اطراف کانپور، فتح پور، بنارس اور صوبہ بہار وغیرہ میں ان کے مریدین زیادہ ہیں۔ کراچی میں بھی حامدیوں کی خاصی تعداد پائی جاتی ہے۔

ان کے خلفاء اور تلامذہ میں محدث اعظم پاکستان حضرت علامہ سردار احمد صاحب رضی اللہ عنہ سرفہرست ہیں۔انکے علاوہ حضور مجاہد ملّت مولانا شاہ حبیب الرحمن صاحب، حضرت مولانا شاہ رفاقت حسین صاحب، حضرت مولانا شاہ حشمت علی خاں صاحب، حضرت مولانا ابراہیم رضا خاں جیلانی میاں صاحب، خلفِ اصغر حماد رضا صاحب، حضرت مولانا احسان علی صاحب فیض پوری سابق شیخ الحدیث دارالعلوم منظر اسلام بریلی، حضرت مولانا عبدالمصطفیٰ صاحب ازہری

( تذکرہ علمائے اہلسنّت/ص:۸۲)

حضرت مفتی تقدس علی خاں صاحب، حضرت مولانا عنایت محمد خاں صاحب غوری، حضرت مولانا عبدالغفور صاحب ہزاروی، حضرت مولانا محمد سعید شبلی صاحب فرید کوٹی، حضرت مولانا ولی الرحمن صاحب پوکھریروی، حضرت مولانا حافظ محمدؔ میاں صاحب اشرفی رضوی، حضرت مولانا ابو الخلیل انیسؔ عالم صاحب سیوانی، حضرت مولانا قاضی فضل کریم صاحب بہاری حضرت مولانا رضی احمدصاحب وغیرہ۔sپاکستان کے مشہور شاعر حسان العصر جناب اختر الحامدی مرحوم بھی حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کے مرید تھے۔

(ماہنامہ حجاز جدید ،دہلی/ اپریل ۱۹۸۹ئ/ ص: ۵۰)

اولاد امجاد:

حضور حجۃ الاسلام -کے دو صاحبزادے اور چار صاحبزادیاں تھیں صاحبزادگان کے نام یہ ہیں۔

۱۔ مفسر اعظم ہند حضرت مولانا ابراہیم رضا خاں جیلانی میاں –

۲۔ حضرت مولانا حماد رضا خاں نعمانی میاں –

(ماہنامہ حجاز جدید ،دہلی/ اپریل ۱۹۸۹ئ/ ص: ۵۳)

وصال:

آپ ۱۸ ؍جمادی الاول ۱۳۶۲ھ مطابق ۲۳ مئی ۱۹۴۳ء بعمر ۷۰ سال عین حالت نماز میں دوران تشہد دس بجکر ۴۵ منٹ پر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔(فقیہ اسلام/ص:۲۳۷،وفاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظر میں/ص:۸۲)

نماز جنازہ:جنازے کی نماز آپ کے خلیفۂ خاص حضرت محدث اعظم پاکستان مولانا سردار احمد-نے مجمع کثیر میں پڑھائی۔(ماہنامہ اعلیٰ حضرت/ جون ۱۹۶۳ء/ص: ۱۸)

مزار مبارک:

آپ کا مزار مبارک خانقاہ رضویہ بریلی شریف میں والد ماجد کے پہلو میں ہے۔ ہر سال عرس کی تاریخ میں بے شمار علماء و مشائخ کے ساتھ عوام شریک ہوتے ہیں۔ اور اپنے اپنے دامن گوہر مراد سے پر کرتے ہیں۔ بریلی شریف کی خانقاہ کے علاوہ بھی برصغیر پاک و ہند میں آپ کے بے شمار متوسلین مذکورہ تاریخ پر آپ کی روحانی فیض سے مستفیض ہوتے ہیں اور مقالے و تقریر سے آپ کی علمی، دینی و تصوفانہ کارنامے کو پیش کرتے ہیں۔

قلمی نگارشات

شاعری

حیات و خدمات

خصوصی شمارے بیاد حجۃ الاسلام

مضامین

مناقب

حضور حجۃ الاسلام کی سرپرستی میں  نکلنے والا ماہنامہ ”یادگارِ رضا “ بریلی شریف

Menu